گاڑی میں زنا کرنے والے جوڑے کو سنگسار کر کے زندہ جلا دیا گیا

للکی مروت (کرائم رپورٹر)لکی مروت کے قریب کار میں زنا کے مرتکب جوڑے کو سنگسار کرنے کے بعد زندہ جلا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لکی مروت کے نواحی علاقے میں ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں کار میں موجود مبینہ طور پر زنا میں ملوث مرد و عورت کو مقامی افراد نے سنگ باری کے بعد آگ لگا کر زندہ جلا ڈالا۔ عینی شاہدین کے مطابق کار سڑک کنارے کھڑی تھی جس میں دونوں افراد موجود تھے۔ مقامی لوگوں کو اطلاع ملی تو مشتعل ہجوم نے گھیر کر کار پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ بعد ازاں کار کو آگ لگا دی گئی جس کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر ہی جھلس کر ہلاک ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔اس واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے جبکہ شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت قانون ہاتھ میں لینے کے عمل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کو روکنے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔