سپریم کورٹ سے نو مئی کے اٹھ مقدمات میں عمران خان کی ضمانت منظور

اسلام أباد (خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ سے عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت منظور ہونے پہ پاکستان تحریک انصاف کا اعلامیہ:
پاکستان تحریک انصاف سپریم کورٹ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے جس کے تحت سابق وزیراعظم اور قائد تحریک انصاف عمران خان کو 9 مئی کے آٹھ مقدمات میں ضمانت دی گئی۔ عدالت عظمیٰ کا یہ فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت 9 مئی کے واقعات میں عمران خان کی گرفتاری کو نہ تو ثابت کر سکی اور نہ ہی اسے کسی طرح جائز قرار دلوا سکی۔
یہ فیصلہ عمران خان اور تحریک انصاف کے لیے ایک بڑی اخلاقی اور قانونی فتح ہے، کیونکہ یہ فیصلہ ثابت کرتا ہے کہ ہمارے قائد کے خلاف قائم تمام مقدمات جھوٹے، بے بنیاد اور سیاسی انتقام پر مبنی ہیں۔ تاہم یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ عمران خان پر 200 سے زائد جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے ہیں، اور انہیں دو برس سے جیل میں قید رکھ کر انکو اپنی قوم سے دور رکھا ہوا ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ اس ناانصافی کا ازالہ کون کرے گا؟ عمران خان کی بیگناہ اسیری، ان کے خلاف ریاستی طاقت کے بے جا استعمال اور قوم کو اس کے قائد سے محروم رکھنے کا حساب کون دے گا؟ اس زیادتی اور ظلم کے ذمہ داروں کا کڑا احتساب ہونا چاہیے۔
پاکستان تحریک انصاف اس عدالتی فیصلے کو انصاف اور قانون کی فتح قرار دیتی ہے اور پرامید ہے کہ عمران خان صاحب باقی جھوٹے اور سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے مقدمات میں بھی جلد سرخرو ہوں گے اور اپنی قوم کے درمیان موجود ہوں گے۔
انشاءاللہ وہ وقت قریب ہے جب عمران خان پاکستان کے عوام کے ساتھ مل کر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریئے کے عین مطابق ایک آزاد، خودمختار اور جمہوری پاکستان کا خواب پورا کرینگے۔