چکوال چوا سیدن شاہ اپنی بیوی کو دوست سے بداخلاقی پر مجبور کرنے والا دلہا اور اس کا دوست گرفتار

چکوال(کرائم رپورٹر)، چوآسیدن شاہ: دلہن کو دوست سے زیادتی پر مجبور کرنے والا شوہر اور ساتھی گرفتار
چوآسیدن شاہ قصبہ دوالمیال میں ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا، جہاں درندہ صفت شوہر نے اپنی نئی نویلی دلہن کو اپنے ہی دوست کے ساتھ زبردستی زیادتی کا نشانہ بنوانا شروع کر دیا۔ پولیس نے متاثرہ خاتون کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے شوہر اور اس کے دوست دونوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کی شادی جون میں محمد اسلام ولد ظفر اقبال، سکنہ دوالمیال سے ہوئی تھی۔ شادی کے صرف دو ماہ کے دوران شوہر اپنی بیوی کو متعدد بار اپنے دوست اسماعیل شاہ ولد دامن خان کے ساتھ زبردستی ہمبستری پر مجبور کرتا رہا۔ انکار یا راز فاش کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جاتی تھیں۔
متاثرہ خاتون نے گزشتہ روز والدہ کو فون کر کے مدد طلب کی اور بتایا کہ وہ اس “جہنم” سے نکلنا چاہتی ہے۔ والدہ جب اسے لینے پہنچیں تو بیٹی شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھی۔ مسلسل اصرار پر اس نے سارا واقعہ بیان کیا کہ کس طرح شوہر اپنے دوست کو گھر بلاتا، کمرے میں بند کرتا اور پھر زبردستی زیادتی کرائی جاتی۔
والدہ کی درخواست پر تھانہ چوآسیدن شاہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔