نواز شریف کی قیادت میں ہمہ وقت تیار ہیں فراح ناز اکبر
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )پاکستان مسلم لیگ(ن) شعبہ خواتین اسلام آباد کے زیراہتمام رکن قومی اسمبلی ووفاقی پارلیمانی سیکرٹری تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ وقومی ورثہ فرح ناز اکبرنے کہاہے کہ معرکہ حق کے بعد جشن آزادی کا مزہ ہی کچھ اور ہے، معرکہ حق نے دنیا میں پاکستان کو ایک نئی شناخت دی اور اس حقیقت کو اجاگر کیاکہ پاکستان ناقابل شکست ہے، معرکہ حق کی کامیابی کے بعد آج ہمیں اس عزم کو آگے بڑھاناہے، پاکستان کی حفاظت ،بقاءاور استحکام ہم سب کی ذمہ داری ہے، سیاسی وابستگی سے بالاترہوکر ہمیں پاکستان کی تعمیر وترقی و خوشحالی اور استحکام کیلئے مسلح افواج اور قومی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑاہوناہوگا۔انہوں نے کہاکہ ارض پاکستان کو آزاد ہوئے7دہائیوں سے زائد عرصہ بیت چکاہے اس دوران مفاد پرستوں نے ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی اور آج بھی ایک انتشار پسند ٹولہ پاکستان کو آگے بڑھنے سے روکنے کی خاطر نت نئی سازشیں کررہاہے جبکہ پاکستان کی تعمیرو ترقی وخوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے جسے کسی صورت سبوتاژ نہیں ہونے دیاجائے گا،نوجوان ہماری سب سے بڑی طاقت ہیں ان کی کامیابی پاکستان کی مضبوطی کی ضمانت ہے