کیپیٹل انکلیو سوسائیٹی میں شہریوں پر ٹشدد اور اغوا کا مقدمہ درج

اسلام آباد (کرائم رپورٹر) تھانہ کرپا کی حدود کیپٹل انکلیو میں خوفناک واردات، چھ سے سات نامعلوم مسلح افراد نے شہریوں پر حملہ کر دیا۔ مدعی ملک اخلاق اعوان نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے ساتھیوں وراثت حسین ولد وقیات احمد اور طیب صغیر کے ہمراہ چہل قدمی کر رہے تھے کہ اسی دوران ایک سفید رنگ کیری ڈبہ موقع پر پہنچی جس میں سوار مسلح افراد نے اچانک ان پر حملہ کر دیا۔

مدعی کے مطابق ملزمان نے تینوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور زبردستی گاڑی میں ڈال کر اغوا کرنے کی کوشش کی۔ اسی دوران شور شرابے پر خرم اور عثمان موقع پر پہنچے جنہوں نے مداخلت کرکے جان بچائی۔ ملزمان نے جھگڑے کے دوران مدعی اور ساتھیوں سے قیمتی سامان چھین لیا جن میں 2 لاکھ 73 ہزار روپے نقدی، قومی شناختی کارڈ، لائسنس، اے ٹی ایم کارڈز اور iPhone 16 Pro Max موبائل فون (سم نمبر 03347862786 کے ساتھ) شامل تھے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان جاتے ہوئے سیدھے فائر بھی کیے جو خرم کی گاڑی نمبر AAW-078 پر لگے تاہم خوش قسمتی سے جانی نقصان نہ ہوا۔ مدعی کا کہنا ہے کہ ملزمان نے نہ صرف اغوا اور جان لیوا حملہ کیا بلکہ قیمتی سامان بھی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

زرائع کے مطابق مذکورہ ملزمان اور سفید رنگ کیری ڈبہ پہلے بھی مختلف وارداتوں میں ملوث پائے گئے ہیں، جن کی تلاش میں پولیس پہلے ہی مصروف تھی۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ ملزمان کی تلاش مزید تیز کر دی ہے۔ مدعی نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں